بنگلورو، 10؍اپریل(ایس او نیوز) ریاستی اسمبلی کے لئے کانگریس امیدواروں کے انتخاب کا عمل راجدھانی دہلی منتقل ہوچکا ہے۔ آج منگل کو اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اور اسکریننگ کمیٹی کے چیرمین مدھو سودھن مستری کی قیادت میں اسکریننگ کمیٹی کی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔بتایا گیا ہے بی جے پی کی طرف سے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری ہونے کے ساتھ ہی کانگریس امیدواروں کی فہرست کو ترتیب دینے کا عمل شدت اختیار کرگیا۔
پارٹی نے 12اپریل کو امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے پہلے ہی طے کردیا ہے کہ سبھی 125موجودہ اراکین اسمبلی اور جنتاد ل(ایس) سے کانگریس میں شامل ہونے والے 7؍ اراکین اسمبلی کو ان کے حلقوں سے ٹکٹ دیا جائے گا۔ اس لئے پارٹی کی طرف سے 12 اپریل کو132 امیدواروں کی فہرست جاری کی جاسکتی ہے۔
جن حلقوں میں ایک سے زیادہ دعویدار ہیں ان کی فہرست بعد میں جاری کی جائے گی۔ صدر کانگریس راہل گاندھی کی طرف سے جنتادل (ایس) سے کانگریس میں آنے والے باغیوں کو ٹکٹ دینے کے متعلق کل بنگلور میں تصدیق کے ساتھ ہی پہلی فہرست میں ان تمام امیدواروں کو ٹکٹ دیا جانا طے نظر آرہاہے۔ بادامی اسمبلی حلقے سے موجودہ رکن اسمبلی بی بی چمن کٹی کی جگہ پر وزیر اعلیٰ سدرامیا کو ٹکٹ دیا جارہا ہے،جبکہ کولیگال سے جینا ، گلبرگہ رورل سے رام کرشنا ، ہانگل سے منوہر تحصیلدار کو ٹکٹ صحت کی بنیاد پر ملنا مشکل نظر آرہا ہے۔ہانگل اسمبلی حلقے سے ایک مقامی طاقتور مسلم کارپوریٹر رشید ٹکٹ کے دعویداروں میں سب سے آگے ہیں اور پارٹی نے ان کی تنظیمی صلاحیتوں کی بنیاد پر ان کے نام پر غور کرنے کا تیقن دیاہے۔ دہلی میں کل ہونے والی اسکریننگ کمیٹی میٹنگ میں مدھو سودھن مستری کے علاوہ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال، وزیر اعلیٰ سدرامیا، کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور ، انتخابی مہم کمیٹی چیرمین ڈی کے شیوکمار دہلی روانہ ہوچکے ہیں۔